الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام یتیم بچیوں کیلیے اقامتی ادارے آغوش الخدمت شیخوپورہ گرلز ہاسٹل کی توسیع، تیسری نئی منزل کا افتتاح کردیا گیا

لاہور ( صباح نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام شیخوپورہ میں یتیم بچیوں کیلیے اقامتی ادارے آغوش الخدمت شیخوپورہ گرلز ہاسٹل کی توسیع کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں مزید سو بچیوں کے لیے   ہاسٹل کی تیسری نئی منزل کا افتتاح کردیا گیا۔

تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن کے نائب صدر ذکراللہ مجاہد،الخدمت ویمن ونگ ٹرسٹ کی چیئرپرسن نویدہ انیس،عائشہ سعد  دیگر ذمہ داران سمیت زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات  اور طالبات نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ذکراللہ مجاہد نے کہا کہ  الخدمت ‘کفالت یتیم سے۔۔ جنت کا حصول بھی۔۔ رقفات رسولۖ’ بھی مہم کے تحت ملک بھر میں یتیم بچوں کی کفالت کے مشن کو آگے بڑھا رہی ہے۔ گھروں پر یتیم بچوں کی کفالت کے ساتھ  آغوش الخدمت جیسے  اقامتی اداروں کے قیام کو عمل میں لایا جا رہا ہے۔

آغوش الخدمت یتیم بچوں کے قیام  اور  تعلیم و تربیت کے لیے  ایک مثالی ماڈل ہے۔الخدمت وومن ونگ ٹرسٹ الخدمت کے یتیم بچوں اور بچیوں کی کفالت کے اِس مشن میں بھرپور ادا کر رہی ہے اور آغوش الخدمت شیخوپورہ گرلز کی تعمیر و توسیع انہی کاوشوں کا شاخسانہ ہے۔ الخدمت وومن ونگ ٹرسٹ کی چیئر پرسن  نویدہ انیس نے  اِس موقع پر کہا کہ  ملک بھر میں اس وقت الخدمت کے21  آغوش سینٹرز قائم ہیں جن میں سے دو آغوش یتیم بچیوں کے لیے ہیں۔

یہ بچیاں اِس قوم کا مستقبل   ہیں  اور الخدمت  اِن  طالبات کو تعلیم و تربیت کے ساتھ  غیر نصابی اور تفریحی سرگرمیوں کے ذریعے انکی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے بھی کوشاں رہتی ہے۔  اس موقع پر بچیوں کے لیے  فَن گالا کا اہتمام بھی کیا گیا۔ جس میں بچیوں کے لیئے مختلف کھیلوں کے مقابلے اور تفریح کا انتظام کیا گیا۔