سندھ کابینہ کی کورونا وائرس ایمرجنسی فنڈ بند کرنے کی منظوری

کراچی(صباح نیوز)سندھ کابینہ نے کورونا وائرس ایمرجنسی فنڈ بند جبکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے کام سے منسوب 3 ہزار 264 اسامیوں کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری دے دی

۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں کابینہ اجلاس ہوا،اجلاس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے کام سے منسوب 3264 اسامیوں کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ بی ایس 5 سے 10 کے کمپیوٹر آپریٹرز کی ان اسامیوں کو والوں کو بی ایس 12 میں اپ گریڈ کیا گیا ہے۔ بی ایس 11 سے بی ایس 15 کے آئی ٹی ملازمین کو بی ایس 16 میں اپ گریڈ کیا جارہا ہے ،

اس کے علاوہ 16 گریڈ کے ملازمین کو بی ایس 17 میں اپ گریڈ کر دیا گیا ہے۔ 3264 ملازمین کی اپ گریڈیشن سے سندھ کے خزانے پر 24 کروڑ 37 لاکھ روپے سے زائد کا بوجھ بڑھ گیا ہے۔

دوسری جانب سندھ کابینہ نے کرونا وائرس ایمرجنسی فنڈ بند کرنے کی منظوری بھی دے دی ہے ۔کورونا وائرس فنڈ کے لیے چیف سیکریٹری کے تحت 6 رکنی باڈی انتظام کر رہی تھی۔18 مارچ 2020 سے 21 اپریل 2021 تک اس کے 17 اجلاس ہوئے۔

اجلاس میں کابینہ کو بتایا گیا کہ کورونا وائرس ایمرجنسی فنڈ میں 3699 ملین روپے کی رقم آئی، اس کے کل اخراجات 32077.23 ملین روپے رہے، جبکہ اس وقت اکاؤنٹ میں 35 ملین روپے سے زائد رقم موجود ہے۔سندھ کابینہ نے بقایا رقم متاثرین سیلاب کے گھروں کی تعمیر کے لیے خرچ کرنے کی منظوری دے دی۔

سندھ کابینہ کا کچے میں ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن کا فیصلہ

سندھ کابینہ نے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کرنے کا فیصلہ کر لیا۔وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت سندھ کابینہ کے اجلاس کو سیکریٹری داخلہ اور آئی جی پولیس نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کچے کے علاقے میں پولیس کو ملٹری گریڈ کے اسلحے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملٹری گریڈ کے اسلحے کی خریداری کی سفارش ایپکس کمیٹی کے 5 جنوری 2023 کو ہونے والے اجلاس میں کی گئی تھی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ملٹری گریڈ کے اسلحے کی خریداری کے لیے 2.7 بلین روپے کی ضرورت ہے۔کابینہ نے فنڈز منظور کر کے اسلحہ خریدنے کی بھی منظوری دے دی۔کابینہ کی منظوری سے سندھ حکومت اسلحے کی خریداری کے لیے وزارتِ داخلہ سے این او سی لے گی۔

سندھ کابینہ نے اجلاس میں فیصلہ کیا کہ ڈاکوؤں کے خلاف کچے میں مشترکہ آپریشن ہو گا، جس میں سندھ، پنجاب اور بلوچستان کی پولیس کے ساتھ رینجرز اور فوج بھی حصہ لیں گی۔اس حوالے سے وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ ایک مشترکہ اور پری پلان آپریشن ہو گا جو آئی جی پولیس اپنی منصوبہ بندی سے شروع کریں گے۔