اے این ایف نے مختلف شہروں میں کارروائیاں،منشیات برآمد


راولپنڈی(صباح نیوز)اے این ایف نے مختلف شہروں سے بیرون ملک پارسلز اور غباروں کے ذریعے منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

حکام کے مطابق اے این ایف  نے شاہراہ فیصل کراچی پر نجی کوریئر آفس میں آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل سے 2 کلو 560 گرام آئس، اسلام آباد میں نجی کوریئر آفس میں آسٹریلیا کے لئے بک کیے گئے پارسل سے 723 گرام آئس اور دینہ میں واقع نجی کوریئر آفس میں لندن کے لئے بک کئے گئے پارسل سے 390 گرام ہیروئن برآمد کرلی جو غباروں میں چھپائی گئی تھی۔

اسی طرح جی ٹی روڈ پر مریدکے کے قریب ٹرک سے 56 کلو 400 گرام چرس اور 26 کلو 400 گرام افیون برآمد کرکے خیبر کے رہائشی 2 ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔

ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی۔