عمران خان کی خوشنودی کیلئے گرفتاری دینے والے ضمانتوں کی درخواستیں دے رہے ہیں، شیری رحمن


اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمن نے کہا ہے کہ عمران خان کی خوشنودی کیلئے گرفتاری دینے والے ضمانتوں کی درخواستیں دے رہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کئے گئے بیان میں شیری رحمن نے کہا کہ صرف تین دن جیل بھرو تحریک ضمانت دو تحریک میں تبدیل ہو چکی ہے ، عمران خان کی جیل بھرو تحریک سوشل میڈیا اور بیانات تک ہی محدود ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر شہر سے 200افراد گرفتاری دینے کا دعوی کیا گیا، لیکن تین دن کے بعد ملک سے 200افراد نے بھی گرفتاری نہیں دی، فوٹو سیشن اور عمران خان کی خوشنودی کے لیے گرفتاری دینے والے ضمانتوں کی درخواستیں دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ایک بھی شخص نے گرفتاری نہیں دی، خیبرپختونخوا کے لوگوں نے گرفتاری نہ دے کر عمران خان کی ذاتی سیاست کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان من گھڑت اور جھوٹے بیانیے بنا کر لوگوں کو اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرنے کے لئے استعمال نہیں کر سکتے، لوگ باشعور ہیں، وہ آپ کے بیانیوں اور یوٹرن سے تنگ آ چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کا آپ پر عدم اعتماد اس بات کی نشاندہی کرتا ہے وہ انتشار اور بد امنی نہیں بلکہ سیاسی استحکام چاہتے ہیں۔