وفاقی وزیر خزانہ کی سی ڈی اے حکام کو سمندر پار پاکستانیوں کے لیے ہاؤسنگ پراجیکٹس پر تیزی سے عمل درآمد کی ہدایت

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ملک کی معاشی اور مالی نمو میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سی ڈی اے کے حکام کو سمندر پار پاکستانیوں کے لیے ہاؤسنگ پراجیکٹس پر تیزی سے عمل درآمد کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے یہ ہدایات ہفتہ کو کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔وزیراعظم کے معاون خصوصی خزانہ طارق باجوہ، معاون خصوصی محصولات طارق پاشا، سیکرٹری خزانہ، ممبر پلاننگ اینڈ ڈیزائن( سی ڈی اے)، ممبر اسٹیٹ ، ڈی جی لینڈ اور فنانس ڈویڑن کے سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں سی ڈی اے کی طرف سے کئے گئے ترقیاتی منصوبوں بالخصوص سمندر پار پاکستانیوں کے لیے ہاؤسنگ پراجیکٹس پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ سی ڈی اے نے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے قلیل اور درمیانی مدت کے رہائشی منصوبے شروع کیے ہیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ان میں سے ایک رہائشی منصوبہ تکمیل کے مراحل میں ہے اور اسے رجسٹریشن کے لیے کھول دیا گیاہے۔

وزیر خزانہ نے ملک کی اقتصادی اور مالیاتی ترقی میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی اہمیت پر زور دیا اور سی ڈی اے کے حکام کو بین الاقوامی معیار اور آن لائن سسٹم کے ذریعے شفافیت کو برقرار رکھتے ہوئے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے ہاؤسنگ پراجیکٹس پر تیزی سے عملدرآمد کی ہدایت کی۔

وزیر خزانہ نے مزید ہدایت کی کہ ان منصوبوں میں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ مک میں بیرون ملک پاکستانیوں کی سرمایہ کاری کو راغب کیا جا سکے