عمران خان جوڈیشل کمپلیکس پہنچنے پر شدید بدنظمی، کارکنان رکاوٹیں توڑ کر عمارت میں داخل


اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کے جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں پہنچنے کے موقع پر شدید بدنظمی دیکھنے میں آئی، پی ٹی آئی کارکنان نے جوڈیشل کمپلیکس کا دروازہ توڑ دیا اور بڑی تعداد میں جوڈیشل کمپلیکس میں داخل ہوگئے،جی 11جوڈیشل کمپلیکس پر سکیورٹی کے انتظامات درہم برہم ہوگئے

پی ٹی آئی کارکنوں نے تمام رکاوٹوں کو ہٹا دیا ۔اس موقع پر پارٹی کارکنان کی جانب سے نعرے بھی لگائے گئے۔ سابق وزیراعظم کی پیشی کے موقع پر وکلا کی بڑی تعداد بھی جوڈیشل کمپلیکس میں موجود رہی، پارٹی رہنما بھی عمران خان کے استقبال کیلئے جوڈیشل کمپلیکس پہنچے، پی ٹی آئی رہنما مراد سعید عمران خان کی گاڑی کی چھت پر سوار تھے۔

ادھر لاہور میں عمران خان کی رہائش زمان پارک کے باہر سیکیورٹی بیریئرز ہٹانے کے معاملے پر پی ٹی آئی کے کارکنوں اورضلعی انتظامیہ میں جھگڑا ہوا۔ پی ٹی آئی کارکنوں نے انتظامیہ کی گاڑیوں پر ڈنڈے برسا دئیے۔ ضلعی انتظامیہ نے زمان پارک سے ٹینٹ اکھاڑ دئیے اور پی ٹی آئی کے بینرز بھی اتار دئیے۔ ضلعی انتظامیہ نے کرسیاں اٹھا کر کارپوریشن کے ٹرک میں ڈال دیں اور زمان پارک میں لگے پینا فلیکس بھی اتار دئیے گئے۔