مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے سخت نظام رائج کرنے کی ضرورت ہے: شجاعت حسین

لاہور(صباح نیوز)مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی کی کئی وجوہات ہیں، ایک اہم وجہ ذخیرہ اندوزی اور قیمتوں کا خود ساختہ اضافہ ہے، مارکیٹ پر مکمل چیک اینڈ بیلنس ہونا چاہیے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے اگر حکومت کو روز مرہ اشیا کی قیمتوں کو کنٹرول رکھنے کیلئے انتہائی سخت نظام رائج کرنے کی ضرورت محسوس ہوتی ہے تو بلا خوف اور جھجک وہ راہ اپنا لینی چاہیے تاکہ کوئی بھی شخص اپنی من مانی نہ کر سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی، تحصیل سطح پر لوکل انتظامیہ کے ساتھ ساتھ میونسپل کارپوریشنز اور کمیٹیوں کو اختیار دینے کی بھی ضرورت ہے تاکہ وہ مارکیٹ انسپکٹرز تعینات کر کے انسپکشن کریں اور حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر روز مرہ زندگی کی اشیا لوگوں کو مہیا کی جا سکیں، ایسا نہیں ہے کہ یہ نظام پہلی دفعہ رائج کیا جائے گا بلکہ ماضی میں بھی ہمیں ایسا ہوتا نظر آیا ہے۔

چودھری شجاعت نے کہا کہ ہنگامی بنیادوں پر ڈپو سسٹم، کوٹہ سسٹم اور فیلڈ ورک رائج کئے گئے، جس میں ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر اور مجسٹریٹ کو اختیارات تفویض کئے جاتے تھے تاکہ وہ مارکیٹ پر نظر رکھ سکیں اور اسکے ساتھ لوکل کمیونٹی پر مشتمل پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فی الفور بحال کیا جانا چاہیے تاکہ منظم طریقے سے مہنگائی کو قابو کیا جا سکے اور ذخیرہ اندوزی جیسی لعنت سے جان چھڑائی جا سکے ۔