گھڑی چور پولیس کو دیکھتے ہی بل میں چھپ جاتا ہے، جس دن عدالت کے سامنے پیش ہوا، پکڑا جائے گا ، مریم اورنگزیب

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ گھڑی چور پولیس کو دیکھتے ہی بل میں چھپ جاتا ہے، پولیس کے جانے کے بعد یہ باہر آ کربڑھکیں مارتا ہے، اس شخص نے قانون اور آئین کو یرغمال بنا رکھا ہے، عمران خان اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی اور مہم جوئی کرتا ہے، کوئی پوچھنے والا نہیں، اسے معلوم ہے کہ جس دن عدالت کے سامنے پیش ہوا تو پکڑا جائے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی عوام دیکھ رہے ہیں کہ ایک فارن فنڈڈ ایجنٹ، گھڑی چور پولیس کو دیکھتے ہی چھپ جاتا ہے اور پولیس کے جانے کے بعد یہ اپنے بل سے باہر نکل کر بڑھکیں مارتا ہے، اس شخص نے پاکستان کے قانون اور آئین کو یرغمال بنا رکھا ہے، اس سب کے باوجود یہ شخص عدل کے نظام کی پلکوں پر سوار ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس شخص کو معلوم ہے کہ جتنا اونچا چیخے گا اتنا جلدی اسے ریلیف مل جائے گا۔ اسے معلوم ہے کہ یہ عدلیہ پر حملہ آور ہوگا، غنڈہ گردی کرے گا، عدلیہ کو دھمکائے گا تو اسے بیل مل جائے گی، یہ شخص عدالت کے سامنے اس لئے پیش نہیں ہوتا کیونکہ اسے پتہ ہے کہ یہ گھڑی چور اور فارن ایجنٹ ہے، اس نے پاکستان کے عوام کو لوٹا اور مہنگائی کی چکی میں پیسا ہے اور یہ جانتا ہے کہ جس دن یہ عدالت کے سامنے پیش ہو گیا تو پکڑا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسے جب پولیس پکڑنے آتی ہے تو یہ چیخیں مارنے لگتا ہے اور بل میں گھس جاتا ہے، یہ خود کو بچانے کے لئے عورتوں اور بچوں کو ڈھال بنا لیتا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس شخص کے بارے میں یہی مثال ہے کہ میں نے چوری کی ہے تو میرا کیا کر لو گے، پورے کا پورا نظام اس کے ہاتھوں مجبور ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اداروں کے خلاف غلاظت اگلتا ہے اور مہم جوئی کرتا ہے، عمران خان کو معلوم ہے کہ وہ عدلیہ پر حملہ کرے گا، دھمکیاں دے گا تو اسے بیل مل جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اگر جرم نہیں کیا تو عدالت میں پیش ہو لیکن یہ صرف بل میں بیٹھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زمان پارک میں سمجھوتہ ایکسپریس روانگی کے لئے تیار ہے لیکن یہ سمجھوتہ نہیں این آر او کیلئے منتیں ہیں، فارن ایجنٹ توشہ خانہ چور کو این آر او چاہئے، انہیں اس وقت سوچنا چاہئے تھا جس وقت گھڑی چوری اور توشہ خانہ میں ڈاکے ڈال رہے تھے، اپنے ملازمین کے ذریعے فارن ایجنٹ بن کر فارن فنڈنگ اور منی لانڈرنگ کر رہے تھے ۔