گورنر اسٹیٹ بینک کی چیئرمین سینیٹ سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات

اسلام آباد (صباح نیوز)گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے پیرکو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص ملک کی معاشی صورتحال اور مالیاتی استحکام اور جامع اقتصادیات کے فروغ میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو سہولت فراہم کرنے، فنانس تک رسائی کو بہتر بنانے اور زرعی شعبے کی مدد کرنے پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی تعریف کی۔

گورنر اسٹیٹ بینک  نے چیئرمین سینیٹ کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے مالی شمولیت کو فروغ دینے، زرعی شعبے کو ترقی دینے اور پائیدار ترقی کے لیے کیے گئے حالیہ اقدامات سے آگاہ کیا۔  میٹنگ کا اختتام اس بات پر اتفاق کے ساتھ ہوا کہ ایوانِ بالا اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے درمیان تعاون کو جاری رکھنا پائیدار اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے اور تمام پاکستانیوں کے لیے ترقی کے مواقع پیدا کرنے کے لیے ضروری ہے۔