حکومت کو رواں برس حج آپریشن سے 121 ارب روپے سے زائد آمدنی متوقع


اسلام آباد(صباح نیوز)حکومت کو رواں برس حج آپریشن سے 121 ارب روپے سے زائد آمدنی متوقع ہے۔حکومت نے رواں برس حج پالیسی میں کچھ تبدیلیاں کی ہیں، جس کے تحت سرکاری اور پرائیوٹ اسکیم کے تحت 50، 50 فیصد کوٹہ تقسیم کیا جائے گا۔حج پالیسی کے تحت درخواست دہندگان کیلئے بینک اکاؤنٹ، قومی شناختی کارڈ اور 26 دسمبر 2023 تک کارآمد پاسپورٹ ہونا لازمی ہے۔

سرکاری اسکیم کے تحت 3 فیصد کوٹہ ہارڈشپ کیسز کیلئے ہوگا جبکہ 300 سیٹیں مزدوروں یا کم آمدن والے ملازمین کیلئے ہوں گی، ان ملازمین کا تعلق ای او بی آئی اور ورکرز ویلفیئر بورڈ سے رجسٹرڈ کمپنیوں سے ہونا چاہئے جبکہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر عازمین حج کیلئے روڈ ٹو مکہ منصوبہ برقرار رہے گا۔

رواں برس کے لیے بنائی گئی حج پالیسی میں ملک کو درپیش معاشی بحران کے باعث زرمبادلہ کے ذخائر کو مدنظر رکھا گیا ہے۔حکومت کو رواں برس حج آپریشن سے 44 کروڑ 40 لاکھ ڈالر آمدن متوقع ہے جو کہ پاکستانی کرنسی میں 121 ارب 10 کروڑ 82 لاکھ روپے سے زائد بنتے ہیں۔

سرکاری حج کوٹہ کی اسپانسرشپ اسکیم کے تحت 19 کروڑ 40 لاکھ ڈالر آمدن کا تخمینہ لگایا گیا ہے جبکہ نجی حج اسکیم کے ذریعے 25 کروڑ ڈالر ریونیو حاصل ہونے کا اندازہ ہے۔