جلاؤ گھیراؤ، پولیس پر تشدد اور ظل شاہ قتل کیس، عمران خان کی عبوری ضمانت میں 13اپریل تک توسیع


لاہور(صباح نیوز)لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کی ایڈمن جج عبہرگُل نے تین مقدمات میں عمران خان کی عبوری ضمانت میں 13اپریل تک توسیع کردی۔ عدالت نے پولیس کو تینوں مقدمات میں گرفتاری سے روک دیا ہے۔

عدالت نے جے آئی ٹی سربراہ کو آئندہ سماعت پر تینوں مقدمات کی تفتیش مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔عدالتی حکم پر عمران خان جلاؤ گھیراؤ، پولیس پر تشدد اور ظل شاہ قتل کیس میں عبوری ضمانت میں توسیع کے لئے لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش ہو ئے اوراپنی حاضری مکمل کروائی۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کی ایڈمن جج عبہرگُل نے کیس کی سماعت کی۔

عمران خان نے ظل شاہ قتل کیس اور تھانہ ریس کورس میں درج دومقدمات میں عبوری ضمانت لے رکھی تھی جو منگل کے روزختم ہو گئی اورمنگل کے روز کیسز کی سماعت صبح9بجے مقرر تھی تاہم عمران خان عدالت میں پیش نہ ہوئے جبکہ دوران سماعت عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفد نے عدالت کو بتایا کی عمران خان کو سکیورٹی خدشات ہیں اس لئے ان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کی جائے۔

اس پر عدالت کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ضمانت منظور ہوئے 8روزگزرچکے ہیں اورابھی تک انہوں نے ضمانتی مچلکے جمع نہیں کرائے، ایسے آپ کو ریلیف نہیںمل سکتا۔عدالت نے کہا کہ جو ملزم عدالت میں آئے قانون کے مطابق اسے ہی ریلیف دینے کی پابند ہے۔عدالت نے عمران خان کو11بجے پیش ہونے کا حکم دیا۔ دوران سماعت جے آئی ٹی سربراہ عمران کشور نے پیش کرعدالت کو بتایا کہ عمران خان شامل تفتیش نہیںہورہے اورنہ ہی اپنا بیان ریکارڈکروارہے ہیں۔

اس پر عمران خان کے وکیل بیرسٹرسلمان صفدر کا کہنا تھا کہ عمران خان تحریری طور پر اپنا بیان پولیس کوریکارڈ کروادیتے ہیں تاہم عدالت نے عمران خان کے وکیل استدعا مستردکردی اور انہیں ضمانت کے حصول کے لئے پیش ہونے کا حکم دیا۔عمران خان کی عدالت میں پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔