ہیلی کاپٹر میں سوار کور کمانڈر کوئٹہ،افسران سمیت چھ جوان شہید ہو گئے،آئی ایس پی آر کی تصدیق


راولپنڈی (صباح نیوز)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے تصدیق کی ہے کہ گزشتہ روز لاپتہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیااور اس میں سوارکور کمانڈر کوئٹہ،افسران سمیت چھ جوان شہید ہو گئے،

صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے حادثے پر دکھ اور افسو کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کا خراج عقید ت پیش کیا ہے ،آئی ایس پی آر کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری بیان میں گزشتہ روز لاپتہ ہونے والے ہیلی کا ملبہ ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ حادثے میں کورکمانڈر 12کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت چھ افسران و اہلکار شہید ہوگئے۔

شہداء میں ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد حنیف ،12 کور کے بریگیڈیئر محمد خالد، پائلٹ میجر سعید احمد ، معاون پائلٹ میجر محمد طلحہ منان اور نائیک مدثر فیاض بھی شامل ہیں، آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر کا ملبہ موسی گوٹھ سے مل گیا ہے، ہیلی کاپٹر کو حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا، ہیلی کاپٹر سیلاب زدگان کے ریلیف آپریشنز میں مصروف تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق حادثے سے متعلق مزید تفصیلات تحقیقات کے بعد شیئر کی جائیں گی، تھوراڈ پونچھ سے تعلق رکھنے والے ڈی جی کوسٹ گارڈ میجرجنرل امجد حنیف شہید کے سوگواران میں اہلیہ ، بیٹی اور دو بیٹے شامل ہیں۔

فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے کمانڈرانجینئر 12 کور بریگیڈیئرمحمدخالد کے سوگواران میں اہلیہ ، تین بیٹیاں اور تین بیٹے جبکہ لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے پائلٹ میجر سعید احمد شہید کے سوگواران میں اہلیہ ،ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں۔شہید پائلٹ میجرمحمد طلحہ منان کے سوگواران میں اہلیہ اور دو بیٹے شامل ہیں جبکہ چیف نائیک مدثر فیاض شہید کا تعلق نارووال سے ہے۔خیال رہے ہیلی کاپٹرلسبیلہ میں سیلاب سے متعلق امدادی کارروائیوں پرتھا اور فلڈ ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی کی جا رہی تھی۔واضح رہے کہ پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر گزشتہ رات لا پتا ہوا تھا ، ہیلی کاپٹر کا لسبیلہ میں دوران پرواز ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہوا۔

علاو ہ ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیانات میںمیں شہدا کو خراج تحسین پیش کیا ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف آف آرمی اسٹاف ، جنرل قمر جاوید باجوہ ، سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے اور بلوچستان میں ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے فوجی افسران اور جوانوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔صدر مملکت نے آرمی چیف سے کور کمانڈر 12 کورلیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد حنیف ، 12 کور کے بریگیڈیئر محمد خالد، پائلٹ میجر سعید احمد ، معاون پائلٹ میجر محمد طلحہ منان اور نائیک مدثر فیاض کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کیلئے بلندی درجات کی دعا کی اور ان کے اہل ِ خانہ کیلئے اظہارہمدردی بھی کیا۔

صدر مملکت نے ملک و قوم کیلئے شہدا کی خدمات کو خراج ِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے فرض شناس بیٹے بلوچستان میں سیلاب سے متعلق امدادی کاموں میں مصروف تھے اور انہوں نے اپنے فرض کی ادائیگی اور قوم کی خدمت کیلئے انتہائی جانفشانی ، محنت اور لگن سے کام کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بے لوث خدمت کے جذبے سے سرشار یہ سپوت قوم کے محسن ہیں ۔صدر مملکت نے آرمی چیف سے اپنی گفتگو کے دوران ان کے سابقہ دورہ گوادر کے دوران کور کمانڈر جنرل سرفراز علی سے ملاقات اور ان کی جانب سے دی گئی بریفنگ کا بھی ذکر کیا۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ اس بریفنگ کے دوران میں نے انہیں انتہائی قابل ، ذہین اور فرض شناس افسر کے طور پر پایا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے صدر مملکت کو بتایا کہ امدادی سرگرمیوں کے دوران خراب موسم کی وجہ سے حدِ نگاہ کم ہوئی جس کی وجہ سے ہیلی کاپٹر کو حادثہ درپیش آیا۔ آرمی چیف نے مزید کہا کہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ حاصل کرلیا گیا ہے اور تمام فوجی افسران جام شہادت نوش کرچکے ہیں۔

صدر مملکت نے ٹیلی فون پر اپنی گفتگو میں اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ ان شہدا کے جنازے میں بنفسِ نفیس شرکت کریں گے اور خاص طور پر ان کے اہل ِ خانہ اور لواحقین سے بھی اظہار تعزیت کریں گے ۔وزیراعظم شہباز شریف نے بھی کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت آرمی کے 6 افسران اور جوان کی شہادت پر گہرے رنج وغم اور افسوس کا اظہارکیا ہے  اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد،کمانڈر انجینئر 12 کور بریگیڈیئر خالد، پائلٹ میجر سعید، کوپائلٹ میجر طلحہ اور کریو چیف نائک مدثر شہید کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے، انہو ں نے کہاکہ وطن کے یہ بیٹے قوم کا فخر ہیں جنہوں نے اپنی جانیں سیلاب میں گھرے اپنے ہم وطنوں کی جانیں بچانے کے لئے قربان کیں۔

انہوں  نے کہا کہ  لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور ان کے ساتھی انسانیت کی خدمت اور فرض کی بجاآوری کی روشن مثال بنے ہیں،لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی ایک بہترین پرفیشنل، فرض شناس اور قابل افسر ہونے کے ساتھ انتہائی ایماندار اور ایک اچھے انسان تھے، وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم اس حادثے پر انتہائی مغموم اور افسردہ ہے،ہم شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں اور پوری قوم شہدا کے اہل خانہ کے غم میں شریک ہے،

انہوں نے دعا کی کہ  اللہ تعالی شہدا کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل اور اجر عظیم دے۔ آمین،قبل ازیں وزیراعظم شہبازشریف نے بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو ٹیلیفون کیا اور آرمی ایوی ایشن کے لاپتا ہونے والے ہیلی کاپٹر سے متعلق تازہ ترین معلومات حاصل کی تھیں۔خیال رہے کہ پیر کی رات ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایک ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ اوتھل سے کراچی جاتے ہوئے آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر لاپتا ہوگیا  جس میں کور کمانڈر 12 کور سمیت 6 افراد سوار تھے اور ہیلی کاپٹر سے فلڈ ریلیف آپریشن کا معائنہ کررہے تھے۔  ہیلی کاپٹر کا ائیر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا