الیکشن کمیشن کا فیصلہ پی ٹی آئی کیخلاف فرد جرم ہے، حافظ حمداللہ


اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم )کے ترجمان حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ عمران خان اور پی ٹی آئی کیخلاف فرد جرم ہے۔

الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ کے فیصلے پر ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمداللہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ دوسروں کو چور اور جھوٹا کہنے والا خود انٹرنیشنل جھوٹا اور چور ثابت ہوا۔

انہوں نے کہا کہ فیصلے نے ثاقب نثار کے صادق اور امین کے دیئے ہوئے سرٹیفیکٹ کے بخرے ادھیڑ کر رکھ دیئے جو صادق وامین بنتا پھرتا تھا وہی میر جعفر اور میرصادق نکلا۔

حافظ حمداللہ نے کہا کہ امریکی بھارتی اسرائیلی فنڈ پر پلنے والی پارٹی اور عمران خان قوم کو آزادی کا درس دیتا رہا، امریکی سازش کا رونا رونے والا خود فارن فنڈڈ کے ساتھ ساتھ فارن ایجنٹ ثابت ہوا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان قوم کو بتائیں آپ امریکی بھارتی اور اسرائیلی پیسوں سے پاکستان ریاست مدینہ کے نام پر بیچ رہے تھے؟ امپورٹڈ امپورٹڈ کہنے والے عمران خان اور پی ٹی آئی ہی امپورٹڈ فنڈڈ نکلے۔

ترجمان پی ڈی ایم نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ عمران خان اور پی ٹی آئی کے خلاف فرد جرم ہے، دوسروں سے استعفیٰ کا مطالبہ کرنے والے کو خود پارٹی چیئرمین شپ سے مستعفی ہوجانا چاہیے۔

حافظ حمداللہ نے کہا کہ راجہ سلطان سکندر نے ایک ہی بال سے کپتان سمیت پوری ٹیم کو اڑا کے رکھ دیا، اب آفتاب سلطان کی بائولنگ کا انتظار ہے کہ وہ بال ٹیمپرنگ چیمپئن کے خلاف کیا کمال دکھائیں گے۔