آئی ایم ایف کا پاکستان کی جانب سے تمام پیشگی شرائط مکمل ہونے کا اعلان


اسلام آباد (صباح نیوز)عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)نے پاکستان کے لئے خوشخبری سنا دی، پاکستان نے آئی ایم ایف کی تمام پیشگی شرائط پر عملدرآمد مکمل کرلیا۔آئی ایم ایف نے پاکستان کی جانب سے تمام پیشگی شرائط مکمل ہونے کا اعلان کردیا ہے۔

آئی ایم ایف کی پاکستان میں نمائندہ ایستھر پریز روئزنے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیوبورڈ کااجلاس اگست کے آخری ہفتے میں متوقع ہے جس میں پاکستان کے لئے قرض کی قسط جاری کرنے کی منظوری دی جائے گی۔

آئی ایم ایف نے پاکستان کی جانب سے تمام پیشگی شرائط پر عملدرآمد کے حوالہ سے باضابطہ بیان جاری کردیا گیا ہے۔ پاکستان نے 31اگست سے پیٹرولیم لیوی میں اضافہ کر کے اس کا یکم اگست سے اطلاق کردیاہے ، پیٹرول پر لیوی میں 10روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل، لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل پر فی لیٹر، پانچ، پانچ روپے اضافہ کیا گیا ہے،جس کے بعد آئی ایم ایف کی جو آخری شرط تھی وہ بھی پوری ہو گئی ہے۔

آئی ایم ایف کے ساتویں اور آٹھویں جائزے کے لئے پیٹرولیم لیوی لگانے کی جو شرط تھی اس پر حکومت کی جانب سے عملدرآمد کردیا گیا ہے۔ اس سے قبل حکومت کی جانب سے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 7روپے 91پیسے فی یونٹ کی منظوری بھی دی جاچکی ہے۔