الخدمت فاؤنڈیشن پنجاب شمالی کاآرفن بچوں کیلئے تین روزہ لیڈرشپ کیمپ کاانعقاد


راولپنڈی ( صباح نیوز) آرفن کئیرپروگرام الخدمت فاؤنڈیشن پنجاب شمالی کے زیراہتمام تین روزہ لیڈرشپ کیمپ کاانعقاد کیا گیا جس میں ریجن کے 11اضلاع سے 76اورفن شائننگ اسٹارزکوشریک کروایاگیا۔

ریجنل صدرالخدمت رضوان احمدنے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کامیابی کسی کی میراث نہیں  جوبھی محنت کرے گا مستقبل میں اس کا پھل پائے گا ،باہمت آرفن بچے قوم کاسرمایہ اورٹیلنٹ ہیں جووالدکی محرومی کے باوجود ایجوکیشن سمیت ہرسرگرمی میں نمایاں کرداراداکرتے ہیں،ہم شمالی پنجاب میں 2200بچوں کی ان کے گھروں میں کفالت کررہے ہیں تعلیم وخوراک سمیت دیگر ضروریات کے علاوہ میڈیکل کی سہولت فراہم کی جاتی ہے،مقررہ مدت کے بعد باہمت آرفن بچوں اور اکثرمقامات پران کی ماؤں کی بھی مکمل ہیلتھ اسکریننگ کی جاتی ہے ۔

الخدمت فاؤنڈیشن ان باہمت شائننگ اسٹارزکے لیے ایجوکیشن کے ساتھ اسپورٹس ودیگرسرگرمیاں منعقد کرتی ہے ،والد کی کمی پوری کرناتوکسی کے اختیارمیں نہیں لیکن کوشش کی جاتی ہے کہ آرفن بچوں کے احساس محرومی کوکم کیا جاسکے ۔لیڈرشپ کیمپ میں چیئرمین ایبٹ آباد بورڈ محمدشفیق اعوان،ریجنل سیکرٹری جنرل الخدمت نمیرحسن مدنی،نائب صدراحسان یاسر،جوادلیاقت ،فضل الہی اعوان سمیت ٹرینرزبھی شریک ہوئے اوربچوں کولیکچردینے کے علاوہ مختلف سرگرمیاں کروائیں۔