اللہ تعالیٰ ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے فوجی افسران کی مغفرت فرمائے ، محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے آرمی کے ہیلی کاپٹر حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ شہدا کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے (آمین) سیلاب متاثرین کی امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیلی کاپٹر میں سینئر افسران موجود تھے۔ اس سانحہ کی مکمل تحقیقات کرتے ہوئے اصل حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں۔ اس حادثے پر پوری قوم غمزدہ ہے۔

دریں انثاء محمد جاوید قصوری نے کہا کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے آنے والے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو گمراہ کرنے والے اور خود کو صادق اور امین کہلانے والے سب بے نقاب ہو گئے ہیں۔فیصلے سے ملکی سیاست کی ایک نئی سمت متعین ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی فنڈنگ کے حوالے سے واضح قانون موجود ہے۔ کوئی بھی سیاسی جماعت بیرون ممالک سے سیاسی سرگرمیوں کے لیے فنڈنگ حاصل نہیں کرسکتی۔ پاکستان کی تاریخ میں فارن فنڈنگ کا معاملہ 1962سے ہائی لائیٹ ہوتا رہا ہے ۔الیکشن کمیشن ایکٹ 2017کے سیکشن 204 کے سب سیکشن 3کے تحت ،کوئی بھی سیاسی جماعت بلواسطہ یا بلاواسطہ حاصل ہونے والے فنڈز جو کسی غیر ملکی حکومت، ملٹی نیشنل یا پرائیویٹ کمپنی یا شخص سے حاصل کئے گے ہوں وہ ممنوعہ فنڈز کے زمرے میں آتے ہیں۔ا لیکشن کمیشن دیگر پارٹیوں کے اکاونٹس کی تفصیلات بھی سامنے لائے۔

انہوں نے کہا کہ من پسند فیصلوں کو تسلیم اور مخالفت میں آنے والے فیصلوں کو تنقید کانشانہ بنانے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ ملک میں قانون کی حکمرانی کے لیے ضروری ہے کہ فیصلوں کا احترام کیا جائے۔ زیر التوا مقدمات کو ترجیح بنیادوں پر سنا جائے۔ لوگ برسوں مقدمات کا سامنا کرتے ہیں۔ جو کہ انصاف کے حصول میں مشکلات کے اضافے کا باعث بنتے ہیں۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ آئین و قانون کی حکمرانی اور فرسودہ نظام کے خاتمے کے لیے جدوجہد کی ہے۔ محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ ملک وقوم تاریخ کے نازک دور سے گزررہے ہیں۔ جب تک یہ شعبدہ باز اقتدار پر قابض رہیںگے ،ملک و قوم کی تقدیر سنور نہیں سکتی۔ اب وقت آگیا ہے کہ ان سے چھٹکارہ حاصل کیا جائے اور محب وطن لوگوں کو آگے لایا جائے۔