نواز شریف نے عمران خان کو ملک کیلئے خطرہ قرار دیدیا


لندن(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد اورسابق وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان کے لئے بہت خطر ناک ہیں، اس فتنے کی شرانگیزی کو ہمیشہ کے لئے ختم کریں،یہ غیر ملکی ایجنڈا پاکستان میں نافذ کر رہا ہے، جتنی جلد ممکن ہو اسے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔  الیکشن کمیشن آف پاکستان کی پاکستان تحریک انصاف کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کیس میں رپورٹ کے بعداس بات میں کوئی شک باقی رہ ہی نہیں گیا کہ عمران خان غیر ملکی ایجنڈے پر تھا، یہ غیر ملکی ایجنڈا تھا جو کو یہ پاکستان میں نافذ کرنے کی کوشش کررہا تھا۔، آج تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکہ عمران خان کا ثابت ہو گیا ہے، سب سے بڑی تاریخ کی چوری ثابت ہو گئی ہے۔ میں پر زور الفاظ میں حکومت سے کہوں گا اورپاکستان کی سیاسی جماعتوں کو بھی کہوں گا کہ اپنا کردارادا کریں اوراس فتنہ کی فتنہ بازی اور شرانگیزی کو ہم ہمیشہ کے لئے ختم کریں اورجو قانون اور آئین کے مطابق ایکشن ہے وہ فوراًاس کے خلاف لیں ، اس بندے کے خلاف فوراًایکشن لیں اس نے پاکستان کے معاشرے کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے، ہمارے ملک اور معاشرے کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے، ہماری معیشت کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے، یہ کوئی خارجی ایجنڈا لے کر پاکستان میں آیا تھا، جس کو یہاں پر نافذکررہا تھا۔ میاں ثاقب نثار چاہے ریٹائرڈ ہو گئے ہیں لیکن وقت آئے گاان کو ان سب باتوں کا جواب دینا پڑے گا، عظمت سعید شیخ جو جج تھے ان کو ان باتوں کا جواب دینا پڑے گا ، انہوں نے واٹس ایپ پر کس طرح سے جے آئی ٹی بنائی اور آصف سعید کھوسہ صاحب کو بھی اس بات کا جواب دینا پڑے گا کہ جنہوں نے عمران خان کو کہا آپ کیوں سڑکوں پر پھر رہے ہو، ہمارے پاس اپناکیس لے کرآئو ہم فیصلہ سنائیں گے۔

ان خیالات کااظہار میاں محمد نوازشریف نے  لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی غیر ملکی فنڈنگ کیس کا فیصلہ آٹھ سال بعد آیا ہے اور مکمل ثبوت اور حقائق کے ساتھ سامنے آیا ہے، یسے نہیں جیسے کہ ہمارے زمانے میں واٹس ایپ پر جے آئی ٹی بن گئی تھی جس نے آنکھ جھپکنے میں اپنی جعلی رپورٹ سنا دی۔ پی ٹی آئی کی غیر ملکی فنڈنگ کیس کی آٹھ سال تفتیش اورتحقیقات ہوتی رہی ہیںاورسارا کچھ سامنے آیا ہے، جو پوری قوم کو درس دیتا تھا کہ میں دیانتدار ہوں، ایماندرا ہوں، میں چوری نہیں کرتا، باقی سب چور ہیں، باقی سب ڈاکو ہیں اور میں اکیلا ہی ہوں جو نہ ڈاکہ مارتا ہوں اور نہ چوری کرتا ہوں، آج تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکہ عمران خان کا ثابت ہو گیا ہے، سب سے بڑی تاریخ کی چوری ثابت ہو گئی ہے، سب سے بڑی منی لانڈرنگ ثابت ہو گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان چند دن پہلے کہتا تھا کہ اگر تھوڑی سی منی لانڈرنگ کر لی توکیا ہوا،

اس کو پتا تھا کہ اس نے بہت بڑی منی لانڈرنگ کی ہوئی ہے، اس لئے تو بار، بار کہتا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر استعفیٰ دے، استعفیٰ دے، استعفیٰ دے اور جمعرات کو احتجاج کی کال بھی رکھی ہوئی ہے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اچھی طرح پتا تھا کہ اس نے چوری کی ہوئی ہے، عمران خان کو پتا تھا کہ اس نے پاکستان کی سب سے بڑی چوری، پاکستان کی تاریخ میں سب سے بڑا ڈاکہ ڈالا ہوا ہے، اس کو نظر آرہا تھا کہ فیصلے میں سب کچھ نظرآئے گا اور آج دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو گیا ہے، یہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی آٹھ سالہ جدوجہد اور تفتیش کے بعد یہ رپورٹ قوم کے سامنے آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس شخص کا فتنہ اور اس شخص کا شر، پاکستان کی تباہی اورجس طرح انہوں نے پاکستان سے باہر غیرملکیوں سے پیسہ لیا، جب آپ غیر ملکیوں سے پیسہ لیں گے تو پھر آپ غیر ملکی ایجنڈا ہی پاکستان میں نافذ کریں گے اوراس کا نتیجہ لوگوں نے دیکھ لیا کہ پاکستان کی معیشت تباہ، پاکستان کا معاشرہ تباہ، اس بندے نے پاکستان کی سیاست تباہ کرکے رکھ دی، ہم پاکستان کو اتنا اچھا بنا رہے تھے اور چلا رہے تھے ، معیشت بہتر ہو رہی تھی اور دن بدن ترقی ہورہی تھی۔ ناانصافیوں، ظلم اورزیادتیوں کی بھی حد ہوتی ہے،میرے خلاف ظلم، زیادتی اور ناانصافی کرتے ، کرتے پاکستان کو ڈبو دیا، پاکستان کو نعوذُباللہ تباہ وبربادکردیا، آج پاکستان کو ایسی جگہ پہنچا دیا ہے

جہاں پاکستان کو اپنے پاوں پر کھڑا کرنا مشکل ہو گیا ہے، پاکستان کی معیشت کا گزشتہ چارسال میں وہ حال کردیاہے کہ اس کو وینٹی لیٹر پر لے آئے ہیں، جس کا آج سانس بحال کرنا مشکل ہو گیا ہے، لوگوں کی مہنگائی میں کمر ٹوٹ گئی ہے۔ نوازشریف کا کہنا تھا کہ مجھے ایسی چیز پر نکال دیا گیا جو سمجھ نہ آنے والی ہے کہ بیٹے سے تنخواہ نہیں لی، بنتی تھی تنخواہ نہیں لی اور وہ چندلاکھ روپے تھی، میرا بیٹا ہے میری مرضی میں تنخواہ لوں یا نہ لوں، اس پر مجھے نکال دیا اور وزیر اعظم کی چھٹی کروادی، یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلا واقعہ ہوا ہے۔ قوم اس بات کا نوٹس لے جو اس بندے نے پاکستان کے ساتھ ظلم کیا، ثاقب نثار جیسے لوگ عمران خان کے ساتھ مل کر اتنا بڑا ظلم ڈھا گئے ہیں، پہلے اس کو جعلی صادق اور امین کا سرٹیفیکیٹ دیا، جعلی کاغذوں پر دیا، ثاقب نثار کا آڈیو کلپ جنہوں نے نہیں سنا وہ سن لیں، ثاقب نثار نے کہا کہ ہم نے مریم نوازاور نوازشریف کو سزادینی ہے اورعمران خان کو لانا ہے، یہ ہمارا ایجنڈا ہے، اُس کو لانا ہے اوراِن کو جیلوں میں ڈالنا ہے، یہ اس زمانے کی بات ہے جب میرے خلاف مقدمہ چل رہا تھا

اورثاقب نثار نے نیب کو حکم دیاکہ آپ نوازشریف اورمریم نواز کے خلاف مقدمہ جلد سے جلد نمٹائیں، ہمیں سسلین مافیا کہا گیا، گارڈ فادر کے خطابات سے نوازاگیا، ساتھ یہ بھی کہا گیا کہ ہفتے میں کوئی چھٹی نہ کریں اور نوازشریف کے خلاف مقدمہ کا فیصلہ کریں اور مانیٹرنگ جج لگا دیا، مقدمہ کے فیصلہ کا مطلب یہ کہ نواز شریف کو سزادیں، فلاں تاریخ تک دیں اور الیکشن سے پہلے دیں، 2018کے الیکشن سے پہلے سزاملنی چاہیے تاکہ نوازشریف فیلڈ میں ہو ہی نہ اوران کی پارٹی دوبارہ کامیاب نہ ہوسکے۔ نوازشریف کا کہنا تھا کہ عمران خان مئیر لندن کے الیکشن میں پاکستانی نژاد محمد صادق کے مقابلہ میں زیک گولڈ سمتھ کی مدد کررہا تھا، زیک گولڈسمتھ کا جس کمیونٹی سے تعلق ہے میڈیا اسے جانتا ہے۔ یہ بندہ پاکستان کے لئے انتہائی خطرناک ہے جتنی جلدی اس بندے کو کیفر کردارتک پہنچایا جائے اتنا ہی بہتر ہے۔ اس موقع پر سابق وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈاراور پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینیٹر عرفان صدیقی بھی نواز شریف کے ہمراہ موجود تھے۔