وزیراعظم سے ڈائریکٹر آغا خان فنڈ فار اکنامک ڈویلپمنٹ کی ملاقات،دوطرفہ امور پرتبادلہ خیال


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم سے ڈائریکٹر آغا خان فنڈ فار اکنامک ڈویلپمنٹ کی ملاقات،دوطرفہ امور پرتبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم نے  آغا خان کی جانب سے سیلاب سے نمٹنے کی کوششوں کے لیے فراخ دلانہ تعاون پر خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے حبیب بینک لمیٹڈ کے چیئرمین اور آغا خان فنڈ فار اکنامک ڈویلپمنٹ کے ڈائریکٹر سلطان علی الانہ نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے  آغا خان کو پاکستان میں سیلاب سے نمٹنے کی کوششوں کے لیے فراخ دلانہ تعاون پر خراج تحسین پیش کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا ۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت ملک کی معاشی صورتحال اور ترقی کے شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے پاکستان میں حبیب بینک لمیٹڈ کے اور آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے دیگر اداروں کے کردار کو سراہا۔   چند روز قبل پرنس رحیم آغا خان نے وزیراعظم سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے سیلاب متاثرین کے لیے  دس ملین امریکی ڈالرز عطیہ کا اعلان کیا تھا۔