جبری گمشدگی اور لاپتہ افراد کے حوالے سے کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس ،پیش رفت کا جائزہ لیا


اسلام آباد(صباح نیوز) جبری گمشدگی اور لاپتہ افراد کے حوالے سے کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس ،پیش رفت کا جائزہ لیا، لاپتہ صحافی مدثر محمود نارو کے والدین ، پروفیسر فیصل منظور بلوچ،سمی بلوچ اور لاپتہ ڈاکٹر دین محمد بلوچ کی بیٹی نے خصوصی شرکت کی۔

وزارت قانون کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق  وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت جبری گمشدگی اور لاپتہ افراد کے حوالے سے قائم کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ، وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت شازیہ مری، وفاقی وزیر برائے بحری امور فیصل سبزواری اور سینیٹر کامران مرتضی شریک ہوئے ۔ آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈی آئی جی بلوچستان، ڈی آئی جی سندھ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اینکر پرسن نسیم زہرہ نے اجلاس میں خصوصی دعوت پر شرکت کی اور جبری گمشدگی اور لاپتہ افراد کے معاملے پر اظہار خیال کیا۔

لاپتہ صحافی مدثر محمود نارو کے والدین  نے بھی اجلاس میں شرکت،  والدین نے بیٹے کی گمشدگی کے حوالے سے کمیٹی کے سامنے گذارشات پیش کیں۔ پروفیسر فیصل منظور بلوچ  اور سمی بلوچ ہیومن رائٹس ایکٹیوسٹ اور لاپتہ ڈاکٹر دین محمد بلوچ کی بیٹی نے بھی اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔وزیر قانون اعظم نذیر تارڈ نے کہاکہ  لاپتہ افراد کے لواحقین کو خصوصی دعوت دی گئی تاکہ پتہ چل سکے کہ کیسز کی نوعیت کیا ہے۔

  کوشش ہو گی کہ آئندہ کیسسز میں کمی ہو اور اس ناسور سے نجات ملے۔  وزیر قانون  کا کہنا تھا کہ جو لاپتہ شخص مل سکتے ہیں ان تک رسائی ہو اور آئندہ یہ سلسلہ رک سکے، سمی بلوچ نے کہا کہ ہمیں اس کمیٹی سے بہت امید ہے جس کی وجہ سے لاپتہ افراد کے لواحقین نے کوئٹہ میں جاری دھرنا ختم کیا، وزیر قانون نے بلوچستان دھرنے کے شرکا کا دھرنا ختم کرنے اور  کمیٹی پر اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمیں لاپتہ افراد کے لواحقین کے دکھ اور درد کا پورا احساس ہے،  ہم نیک نیتی کے ساتھ اس مسئلے پر آگے بڑھنا چاہتے ہیں، اس موقع پر وفاقی وزیر شازیہ مری کا کہنا تھا کہ   لوگوں کی امیدیں بحال ہوئی ہیں اس کمیٹی کے کام سے۔ نسیم زہرہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی نے معاملے کے حل کے لیے سنجیدگی ظاہر کی ہے،ہر ہفتے کمیٹی کا اجلاس بلانے پر اس کی تعریف کرتے ہیں۔