وزیراعظم شہباز شریف اور روسی صدر کی خوشگوار ماحول میں ملاقات،دوطرفہ تعلقات پر بات چیت


سمر قند(صباح نیوز)دوروزہ دورے پر سمر قند میں موجود وزیراعظم شہباز شریف کی شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر سائیڈ لائن پہ مختلف ممالک کے سربراہان سے ملاقات ہوئی، روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کی بھی وزیراعظم شہباز شریف سے سمرقند میں ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماں نے دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا،ملاقات میں بین الحکومتی کمیشن(آئی جی سی) کا آئندہ اجلاس جلد اسلام آباد میں بلانے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے روس کی جانب سے پاکستان میں بڑے پیمانے پر سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے اظہار یکجہتی اور حمایت پر صدر پیوٹن کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم نے موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والی اس آفت کے تباہ کن اثرات کی تفصیلات پر بھی روشنی ڈالی۔ وزیراعظم نے پاکستان روس تعلقات میں مسلسل بہتری اور استحکام پر اطمینان کا اظہار کیا جو مضبوط باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم پر مبنی ہیں۔ وزیراعظم نے پاکستان کے روس کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ غذائی تحفظ، تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، دفاع اور سیکیورٹی سمیت باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دی جاسکے۔

ملاقات میں بین الحکومتی کمیشن(آئی جی سی) کا آئندہ اجلاس جلد اسلام آباد میں بلانے پر اتفاق کیا گیا۔ افغانستان میں روس کے تعمیری کردار کی تعریف کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان میں پاکستان اور روس دونوں کا مفاد ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ افغانستان میں پائیدار امن و استحکام کیلئے بین الاقوامی اقدمات کی رفتار کو تیز کرنا ضروری ہے. مزید براں وزیرِ اعظم نے افغانستان میں استحکام کے لیے تمام علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کی حمایت کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

دوسری جانب عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا ہے کہ روس سے پاکستان کو پائپ لائن کے ذریعے گیس کی فراہمی ممکن ہے۔ روسی صدر نے یہ یقین دہانی وزیراعظم میاں شہباز شریف سے ملاقات میں کرائی۔عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے وزیراعظم میاں شہباز شریف سے ملاقات میں کہا کہ روس سے پاکستان تک گیس پائپ لائن کا بنیادی انفرا اسٹرکچر پہلے سے ہی موجود ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بھی سماجی رابطہ کی ویب سائٹ پر وزیراعظم شہباز شریف اور روسی صدر کے درمیان ہونے والی ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے ملاقات کی تصاویر بھی اپنے اکاونٹ پر شیئر کیں۔