وزیراعظم شہباز شریف اور ازبک صدر کی ملاقات،مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال


سمرقند(صباح نیوز)شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف اور ازبکستان کے صدر کے درمیان دو طرفہ ملاقات،وزیر اعظم شہباز شریف نے ازبکستان پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ اور ترجیحی تجارتی معاہدے (پی ٹی اے) کو مکمل طور پر فعال کرتے ہوئے سیاسی تعلقات، تجارت اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور ازبکستان کے صدر شوکت مرزئیوف نے جمعرات کے روز ا سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔دونوں رہنمائوں نے پاکستان ازبکستان تعلقات اور علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم نے سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے انسانی امداد بھیجنے، سیلاب زدگان کیلئے ہمدردی اور جان بحق ہونے والوں کیلئے تعزیت پر صدر شوکت مرزئیوف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے آئے تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں انسانی جانوں کے ضیاع، فصلوں، مویشیوں، مکانات اور انفراسٹرکچر کو پہنچنے والی تباہی پر روشنی ڈالی۔

اجلاس میں تفصیلی طور پر دو طرفہ تعاون کا احاطہ کیا گیا، جس میں تجارتی و اقتصادی تعلقات، ریلوے، کمیونیکیشن اور بندرگاہوں کے ذریعے علاقائی روابط بڑھانے پر خصوصی توجہ رہی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے ازبکستان پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ اور ترجیحی تجارتی معاہدے (پی ٹی اے) کو مکمل طور پر فعال کرتے ہوئے سیاسی تعلقات، تجارت اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر اعظم نے قریبی دفاعی اور سیکورٹی تعاون اور تعلیم، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آزادانہ ویزا نظام سے دونوں ممالک کی تاجر برادری دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ٹرانس افغان ریلوے منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور افغانستان، پاکستان اور ازبکستان کی تکنیکی ٹیموں کی جانب سے افغانستان کے اندر فیلڈ مہم کی کامیاب تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ایک بار مکمل ہونے کے بعد یہ منصوبہ کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں کے ذریعے وسط ایشیائی ممالک کو مثر طریقے سے دنیا سے جوڑ دے گا۔دونوں رہنمائوں نے بین الحکومتی کمیشن کا اجلاس جلد بلانے پر اتفاق کیا تاکہ پاکستان اور ازبکستان کے تعاون کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کے لیے مخصوص تجاویز اور منصوبے مرتب کیے جائیں۔وزیراعظم نے صدر شوکت مرزیوف کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ ازبک صدر نے وزیراعظم کو جلد دورہ ازبکستان کی دعوت دی۔