اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کا سیلاب زدگان کے لئے الخدمت فاؤنڈیشن کو4 ملین روپے مالیت کی امدادی اشیا کاعطیہ


اسلا م آباد(صباح نیوز)اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج اور ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کے لئے جمعر ات کو الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کو فنڈز اور دیگر سامان عطیہ کیا۔

ہسپتال اور کالج نے پاکستان میں حالیہ سیلاب کے پیش نظر فلڈ ریلیف مہم شروع کی اور پہلے مرحلے میں تقریبا 4 ملین روپے مالیت کی امدادی اشیا کے عطیہ کا انتظام کیا جس میں 3.25 ملین نقدی کے ساتھ ساتھ خوراک، کپڑے اور ادویات جیسی بہت سی دوسری اشیا شامل تھیں۔ کالج اور ہسپتال کی سینئر انتظامیہ نے ائیر مارشل (ر) فاروق حبیب کی قیادت میں الخدمت فاؤنڈیشن کی ٹیم کو ہسپتال میں خوش آمدید کہا۔

چیئرمین آئی ایم ڈی سی ڈاکٹر غلام اکبر خان نیازی نے عطیہ کا چیک اور دیگر اشیا فاؤنڈیشن ٹیم کے حوالے کیں۔ چیئرمین نے اس مہم کے ابتدائی مرحلے کو بڑی کامیابی سے ہمکنار کرنے پر ہسپتال اور کالج کے عملے کو سراہتے ہوئے مزید کہا کہ یہ ادارے سیلاب زدہ علاقوں میں ضرورت مند لوگوں کی مدد کے لیے الخدمت کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گی۔

یاسر نیازی، آئی ایم ڈی سی کے مینیجنگ ڈائریکٹر، نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لئے امداد کی اشد ضرورت کے پیش نظر ہسپتال اور کالج نے فلڈ ریلیف مہم کا آغاز کیا اور متاثرہ علاقوں میں فری میڈیکل کیمپس کا آغاز فوری طور پر کر دیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انکے اداروں کا آنے والے دنوں میں اس سلسلے میں مزید کام جادی رکھنے کا ارادہ ہے۔الخدمت فاؤنڈیشن کی ٹیم نے دکھی انسانیت کی مدد کے عظیم مقصد کے لیے بھر پور تعاون پر کالج انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ۔۔