کراچی،ڈیفنس میں پولیس اہلکار کا قتل، ملزم سابق ڈپٹی کمشنر کا بیٹا نکلا


کراچی(صباح نیوز) کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 5 میں پولیس اہلکار کو قتل کرنے والے ملزم کو شناخت کر لیا گیا، واقعے کی نئی ویڈیو سامنے آگئی۔پولیس اہلکار عبدالرحمن کے قتل میں ملوث ملزم خرم نثار سابق ڈپٹی کمشنر کا بیٹا نکلا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان علی بلوچ کے مطابق ملزم خرم نثار کا آبائی گھر ڈیفنس فیز 5 میں جائے وقوع کے قریب واقع ہے، پولیس نے ملزم خرم نثار کے گھر چھاپہ مار کر اسلحہ و دستاویزات برآمد کر لیں اور چوکیدار کو حراست میں لے لیا ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ نے بتایا ہے کہ ملزم خرم نثار بیوی اور 2 بچوں کے ساتھ سوئیڈن کا مستقل رہائشی ہے، ملزم کا دوسرا بھائی فیملی کے ساتھ فیصل آباد میں مقیم ہے۔انہوں نے بتایا کہ واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی گھر پر چھوڑ کر ملزم دوسری کار میں فرار ہوا تھا، گھر سے ملے ایک پستول کا فرانزک کرایا جا رہا ہے، پاسپورٹ کی کاپی بھی برآمد کر لی گئی ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق ملزم جس گاڑی میں فرار ہوا، اس کی تلاش جاری ہے، ملزم کے دوستوں کے گھروں پر بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں، ایئر پورٹس پر بھی ملزم کی تصاویر اور سفری دستاویزات کی تفصیلات فراہم کر دی گئی ہیں۔پولیس اہلکاروں نے واقعے کے حوالے سے بیان میں کہا تھا کہ ملزم کسی لڑکی کو زبردستی ساتھ بٹھانے کی کوشش کر رہا تھا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان علی بلوچ کا کہنا ہے پولیس اہلکاروں کے اس پہلے موقف کی تصدیق کے لیے چھان بین بھی جاری ہے۔قبل ازیں اس حوالے سے ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا نے بتایا ہے کہ ملزم خرم نثار 5 نومبر کو سوئیڈن سے کراچی آیا ہے، واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اورگاڑی برآمد کر لی گئی ہے، خرم نثار کے ایک ساتھی کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔

ایس ایس پی ساؤتھ نے بتایا ہے کہ ایئرپورٹس اور ہائی ویز حکام کو اس سلسلے میں آگاہ کر دیا گیا ہے، عوام سے درخواست ہے کہ ملزم کے بارے میں اطلاع ہو تو فوری فراہم کریں۔ ڈیفنس میں نوجوان کی پولیس اہلکارعبدالرحمن کو گولی مارنے کی فوٹیج سامنے آئی ہے جس میں نظر آرہا ہے کہ کالے شیشوں والی کالی گاڑی آکر رکی، ڈرائیونگ سیٹ سے ایک لڑکا اترا اور ساتھ والی سیٹ سے پولیس اہلکار اتر کر باہر کھڑا ہوا۔

فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تھوڑی دیر پولیس اہلکار اور نوجوان میں گفتگو ہوئی جس کے بعد نوجوان نے اچانک پولیس اہلکار پرفائرنگ کردی جس سے اہلکار نیچے گر گیا۔ پولیس اہلکار کے گولی لگنے سے گرنے کے بعد نوجوان گاڑی لے کر فرار ہوگیا جبکہ سارے واقعے کے دوران آس پاس سے پیدل اور گاڑیوں میں لوگ گزرتے رہے تاہم فائرنگ کے وقت گاڑی کے پاس آنے والے دو افراد  واقعے کو دیکھ کر بھاگ نکلے۔